یورپ بھر میں اب ایک ہی یورپین ڈیجیٹل شناخت چلے گی، جس کے ذریعے یورپی شہری اپنے شناختی کارڈ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے یا کسی بھی دوسرے یورپین ممبر ملک میں تمام ڈیجیٹل سہولتوں تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
اس بات کا فیصلہ یورپی پارلیمنٹ کی کمیٹی برائے انڈسٹری، ریسرچ اینڈ انرجی کے اجلاس میں اس حوالے سے پیش کردہ نئی تجاویز میں کیا گیا۔ ان تجاویز کو جلد ہی پارلیمنٹ کے پلینری سیشن میں پیش کیا جائے گا۔
اس تجویز کے تحت یورپین ڈیجیٹل شناخت ( eID) کے ذریعے شہری صرف اپنے قومی شناختی کارڈ کا استعمال کریں گے۔
اسی الیکٹرانک شناختی کارڈ کے اندر ان کا ڈرائیونگ لائسنس اور برتھ سرٹیفکیٹ بھی ہوگا۔ جبکہ اسی شناختی کارڈ کے ذریعے وہ یورپ بھر میں ہوٹل کی بکنگ اور کار کرائے پر حاصل کر سکیں گے۔
اس کے علاوہ اسی یورپین ڈیجیٹل شناخت کے ذریعے وہ دیگر عوامی خدمات تک بھی رسائی حاصل کریں گے جس میں برتھ اور میڈیکل سرٹیفکیٹ کے حصول کی درخواست کرنا، پتہ کی تبدیلی کی اطلاع دینا، بینک اکاؤنٹ کھولنا، ٹیکس ریٹرن فائل کرنا، اپنے یا کسی دوسرے یورپین ملک میں یونیورسٹی کیلئے درخواست دینا اور ایک ایسا طبی نسخہ جو یورپ بھر میں کسی بھی جگہ استعمال کیا جا سکتا ہو، شامل ہیں۔
کمیٹی ممبران کے مطابق کوویڈ-19 کے بعد بہت سی پرائیویٹ اور پبلک سروسز آن لائن ہو چکی ہیں۔ جس کیلئے محفوظ اور قابل اعتماد آن لائن شناخت بے حد اہم ہے۔
کمیٹی کے اجلاس میں مزید تجویز کیا گیا ہے کہ 2030 تک یورپی یونین کی 80 فیصد آبادی کے پاس اس شناختی کارڈ کے ذریعے متعلقہ سہولتوں تک رسائی ہونی چاہیے۔
Comments are closed.