بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

یورپی یونین کشمیریوں کے بنیادی حقوق یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرے، پاکستان

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک خصوصی پیغام میں پاکستان کے سفیر برائے یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ، ظہیر اے جنجوعہ نے عالمی برادری خصوصاً یوروپی یونین پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق اور آزادی کو یقینی بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں سفیر پاکستان نے غیرقانونی بھارتی قبضے سے آزادی کی جدوجہد میں بہادر کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے 7 دہائیوں سے زیادہ اپنے حق خودارادیت کے جائز حق کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔

5 اگست 2019 کی بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کر کے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کیا ہے۔

سفیرِ پاکستان نے مزید کہا کہ ہزاروں بے گناہ افراد کو من مانے طور پر حراست میں لیا گیا ہے اور لاتعداد نوجوانوں کو نامعلوم مقامات پر اغوا کرکے قید کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی ریاستی دہشت گردی کا حقیقی مظہر ہے۔

انہوں نے فوجی محاصرے اور مواصلاتی بلیک آؤٹ کو فوری طور پر ختم کرنے، بھارت کی غیر قانونی اور یکطرفہ کارروائیوں کو روکنے، غیرقانونی طور پر گرفتار اور قید کشمیریوں کی رہائی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور میڈیا کی رسائی کا مطالبہ کیا۔

سفیر  پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے جائز حق کے حصول کے لئے پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کو بھی دہرایا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.