بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

یورپین یونین کا روس پر نئی شدید پابندیوں کا اعلان

یورپین یونین نے روس پر نئی شدید پابندیوں کا اعلان کیا ہے، ان پابندیوں کا اعلان یورپین کمیشن کی صدر ارسلا واندرلین نے آج برسلز میں کیا۔

نئی پابندیوں کے تحت روس کیلئے تمام یورپین ایئر اسپیس بند کردی گئی ہے، اب روس سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی جہاز نہ یورپ میں آسکے گا اور نہ یہاں سے پرواز کرسکے گا، اس میں ہر طرح کی چارٹرڈ فلائٹ بھی شامل ہوں گی۔

یورپین یونین نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ یورپ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک انڈر اٹیک کسی ملک کو لڑنے کیلئے اسلحہ خرید کر بھی دے گا۔

اس کے ساتھ ہی روس سے تعلق رکھنے والے میڈیا کو بھی یورپ میں فوری طور پر بند کردیا گیا ہے، یورپین کمیشن کے مطابق اس کی بنیادی وجہ روس کے جھوٹ کو عوام تک پہنچنے سے بچانا ہے۔

یورپین یونین نے کہا کہ ہم ایسے ٹول بھی تیار کر رہے ہیں جو مستقبل میں روسی ڈس انفارمیشن کو یورپ میں پھیلنے سے روکنے کے لیےکام آئے گی۔

اس کے علاوہ یورپ کے تمام بینکوں میں موجود روسی سرمایہ کاروں کے تمام اثاثوں پر بھی پابندی عائد کردی جائے گی۔

یورپین کمیشن نے اس کے ساتھ یہ اعلان بھی کیا ہے کہ روس کے علاوہ اس کے موقف کی تائید کرنے پر بیلاروس کو بھی سخت ترین پابندیوں کا سامنا کرنا ہوگا۔

اس موقع پر یورپین کمیشن کے صدر کے ہمراہ یورپین خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل بھی موجود تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.