پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ کراچی کے این اے 249 کےضمنی الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی، ری پولنگ میں مفتاح اسماعیل بری طرح ہاریں گے۔
انہوں نے ضمنی انتخاب میں نون لیگ کی شکست کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ نون لیگ والے اپنی بدنظمی کی وجہ سے ہارے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ ن لیگ والوں کو درخواست دینے کا حق ہے، پارٹی کو تجویز دی ہے کہ پورے حلقے میں ری پولنگ کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ یقین ہے ری پولنگ میں ان کو دوبارہ شکست ہوگی، مفتاح اسماعیل بری طرح ہاریں گے۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ نون کے رہنما مفتاح اسماعیل کی جانب سے قومی اسمبلی کے حلقے 249 کے ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی مکمل گنتی دوبارہ کرانے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھا گیا ہے۔
مسلم لیگ نون کی جانب سے حلقہ این اے 249 میں ووٹوں کا فارنزک آڈٹ کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا گیا ہے۔
Comments are closed.