پیر یکم ذیقعد 1444ھ 22؍مئی 2023ء

ہیوسٹن میں فرینڈز آف کراچی کی جانب سے استحکام پاکستان ریلی

ہیوسٹن میں فرینڈز آف کراچی کی جانب سے افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ہیوسٹن میں استحکام پاکستان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

ریلی میں پاکستانی نژاد امریکی مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ریلی شوگر لینڈ سے شروع ہوئی، جس میں سیکڑوں گاڑیوں پر پاکستانی پرچم لہرائے گئے اور ہیوسٹن کی قومی شاہراہوں پر قومی ملی نغموں کے ساتھ گشت کیا۔

ریلی میں عام شہریوں کے علاوہ سابق سینیٹر بابر غوری، پاکستان پیپلز پارٹی امریکا کے نائب صدر عزیز نظامانی ٹیکساس کے صدر ممتاز چانگ نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر سینیٹر بابر غوری کا کہنا تھا کہ آج اس ریلی میں شرکت کے ذریعے ہم یہ پیغام دے رہے ہیں کہ ہم پاک وطن اور پاک فوج کے ساتھ ہیں، ہم اس تاثر کی نفی کر رہے ہیں کہ یہاں رہنے والے پاکستانی اسٹیبلشمنٹ کے خلاف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں آج امریکا میں رہنے والے پاکستانی بالعموم اور ہیوسٹن کے پاکستانی بالخصوص یہ پیغام دے رہے ہیں کہ وہ پاک فوج کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور یہاں کانگریس اور سینیٹ اراکین کو جو یکطرفہ اسٹوری بتائی جارہی ہے وہ درست نہیں۔ آج ہم بھی حقائق بتائیں گے تاکہ دونوں اطرف کا موقف ان کے سامنے آئے۔

بابر غوری کا مزید کہنا تھا کہ ہم کو ایک نقطہ پر متحد ہونا چاہیے اور وہ پاکستان ہے۔ 

پیپلز پارٹی امریکا کے نائب صدر عزیز نظامانی کا کہنا تھا کہ پاک افواج سرحدوں پر ہماری حفاظت کرتی ہیں ہم ان کو کبھی بھی اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔

پی پی پی ٹیکساس کے صدر ممتاز چانگ نے کہا کہ پاک فوج کی قربانیاں لازوال ہیں، پاکستان میں دہشت گردوں نے افواج پاکستان اور پاکستان کے تاریخی مقامات پر حملے کیے۔ ان کو ایسی سزا ملنی چاہیے کہ آئندہ ان کی نسلیں یاد رکھیں۔ اور کسی کو ہمت نہ ہو کہ ہماری پاک فوج پر حملہ کرے۔

انہوں نے کہا جو پاکستانی یہاں مقیم ہیں وہ دور رہ کر بھی اپنے ملک کے ساتھ ہیں مگر کچھ عناصر دوسروں کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ہم ان کو بتانا چاہیے کہ انہیں ایسا نہیں کرنے دیں گے۔

ریلی کے شرکا نے پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے اور افواج پاکستان و سکیورٹی اداروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ شہدا  و غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ 9 مئی کو ہمیشہ سیاہ دن کے طور پہ یاد رکھا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو دفاعی طور پر کمزور کرنے کے لئے دشمن قوتوں اور دہشتگرد عناصر کی جانب سے دفاعی و سرکاری املاک اور شہداء کی یادگاروں پر کئے گئے حملے پر اوورسیز میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی میں سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے۔

ہر ایک محب وطن پاکستانی کو اس وقت ملک اور افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرکے ان کے حوصلے بلند کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

 شرکاء کی جانب سے مطالبہ کیا گیا کہ پاک فوج سمیت پاکستان کی تاریخی املاک کو نقصان پہنچانے والوں اور سازش کرنے والوں کے خلاف قرار واقعی سزا دینے کیلئے ان کو عدالتوں کے کٹہرے میں لایا جائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم یہاں اپنے اراکین کانگریس و سینیٹ سے بھی ملیں گے تاکہ وہ ہمارے موقف کو بھی سنیں اور یکطرفہ بیانات کا جو سلسلہ جاری ہے اس کو ختم کیا جاسکے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.