چین میں ایک 10 سالہ بچہ اس وقت تھانے پہنچ گیا جب اس کی ماں نے اسے اسکول سے ملنے والا ہوم ورک نہ کرنے پر ڈانٹا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ یہ بچہ گھر سے بھاگ کر سیدھا مقامی پولیس اسٹیشن پہنچا جہاں اس نے شکایت درج کرانے کے بعد درخواست کی کہ اسے یتیم خانے بھجوادیا جائے۔
اس حوالے سے حال ہی میں چینی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ یہ عجیب و غریب واقعہ جنوب مغربی چین کی چونگ کنگ میونسپلٹی کے علاقے میں پیش آیا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بچہ یوبی میں واقع ہوژیانگ پولیس اسٹیشن میں گیا جہاں دو پولیس اہلکاروں نے اس سے آنے کی وجہ پوچھی تو بچے نے انہیں ہوم ورک نہ کرنے پر ماں کی جانب سے سرزنش کا بتایا اور کہا کہ وہ یتیم خانہ جانے کے لیے گھر چھوڑ آیا ہے۔
پولیس والوں کے سمجھانے بجھانے پر بچے نے والدین کا فون نمبر دیا جس پر پولیس نے بچے کی ماں سے رابطہ کیا۔
پریشان حال ماں نے کہا کہ وہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ بچہ یتیم خانے جانے کے لیے اس طرح گھر سے بھاگ کھڑا ہوگا، بعدازاں پولیس نے والدین کو بلا کر بچے کو ان کے حوالے کیا۔
اس معاملے پر چینی سوشل میڈیا پر کافی لوگوں نے پولیس کے اقدام کو سراہا جبکہ بعض نے موجودہ نسل کو سست اور بگڑی ہوئی اولاد قرار دیا۔
Comments are closed.