چیئرمین کسان اتحاد خالد حسین باٹھ نے احتجاجی مظاہرے کا رُخ عمران خان کی جانب موڑنے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد حسین باٹھ نے کہا کہ ہم 10 بسیں بھر کے عمران خان کے پاس بھی جائیں گے، عمران خان پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومت کو ہدایت کریں کھاد بلیک میں نہ ملے۔
خالد حسین باٹھ نے کہا کہ عمران خان کی پنجاب میں حکومت نے بہت تنگ کیا، ہم سے وزیراعلیٰ نے معاہدہ کیا کہ ہم لاہور میں داخل نہیں ہوں گے۔
چیئرمین کسان اتحاد نے کہا کہ جو کام دنوں میں ہوتا ہے وہ گھنٹوں میں ہوگیا، رانا ثناء اللّٰہ نے کہا دیکھ لیں گے، ہم نے بھی کہا آپ کو بھی ہم دیکھ لیں گے، جب ریڈ زون جانے کی تیاری کی تو انتظامیہ ہمارے پاس آگئی، انہوں نے کہا آپ کی وزیراعظم سے بات کرواتے ہیں، یہ سمجھ رہے تھے رانا ثناء اللّٰہ ہمیں ڈرا دیں گے۔
خالد حسین باٹھ نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا پاور کی وزارت کی کل چھٹی ہے، پیر کو کسان اور وزارت توانائی مل بیٹھ کر فیصلہ کریں، وزیراعظم نے کھاد کا ایشو بھی حل کروانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا نوٹیفکیشن لے کر ہی واپس جائیں گے، وزیراعظم نے کہا واپس چلے جائیں، ہم نے کہا جب نوٹیفکیشن جاری ہوگا تب جائیں گے،
کسان اتحاد کے رہنما نے بتایا کہ وزیراعظم نے وعدہ کیا کہ پیر تک نوٹیفکیشن مل جائے گا، مجھے لگتا ہے پیر تک نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔
Comments are closed.