پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ہمایوں اختر خان کا کہنا ہے کہ میرا نہیں خیال حکومت سختی کرنے کی بیوقوفی کرے گی، ہم پرامن لوگ ہیں مگر سختی کا جواب بھی دینا آتا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ملک کے حالات ہم سب کے سامنے ہیں، مسائل کا جمہوری حل فوری انتخابات کروانے میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں جو بھی حکومت بنانے کا حقدار ہو وہ حکومت بنائے۔
ہمایوں اختر خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ کا مقصد ملک میں استحکام لانا ہے، لانگ مارچ کے تمام قافلے پرامن ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے خبردار کیا تھا کہ اگر پی ٹی آئی نے اس بار راستے بند کیے تو وفاقی حکومت اپنا کام کرے گی، لوگ بھی انہیں جوتے ماریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی دھرنا دینا چاہتی ہے، دھرنا ضرور دیں لیکن لوگوں کو تکلیف نہ پہنچائیں۔
وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کی طرف سے وفاق پر چڑھائی کے غیر قانونی اقدام کو روکنا صوبائی حکومتوں کی آئینی ذمے داری ہے۔
Comments are closed.