بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ہم ایم کیو ایم کے پاس سیاسی طور پر گئے تھے، ناصرحسین شاہ

وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ہم ایم کیو ایم کے پاس سیاسی طور پر گئے تھے، ہم نے انہیں ایک آفر کی جو جمہوری طور پر کی جاسکتی تھی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج آپ سب کے سامنے بہت سی خبریں ہیں، ابھی تھوڑی دیر پہلے یہاں ہنگامہ بھی ہوا، کیا حقیقت کیا افسانہ تھا سب نے دیکھا۔

ناصرحسین شاہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے دو اراکین نے پارٹی سے تحفظات کے ویڈیو بیان جاری کیے، وہ اراکین اپنی مرضی سے اسمبلی آئے، ان پر اغواء اور پیسوں کا الزام ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ایسا معاملہ ہوتا تو وہ منظرِ عام پر نہ آتے، اسلم ابڑو اور شہریار اپنے موقف پر قائم ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کی جانب سے منحرف ساتھیوں پر ایوان میں حملہ کیا گیا ہے۔

ناصرحسین شاہ نے یہ بھی کہا کہ گبول صاحب کا معاملہ بھی سب کے سامنے ہے، جو ایوان میں ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تینوں اراکین ایک گاڑی میں آئے، جب کریم بخش گبول کو لے جانے کی کوشش کی تو ہمارے اراکین سمجھے کہ زبردستی کی جارہی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جب گبول نے کہا کہ میں خود تحریک انصاف والوں کے ساتھ جانا چاہتا ہوں تو ہمارے اراکین پیچھے ہٹ گئے، ان کے اپنے لوگ ان کی پالیسی سے منحرف ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے لوگوں نے ہی برملا اعلان کیا ہے کہ وہ ووٹ دینے نہیں جائیں گے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شہری قانونی بات کرے گا تو ہم اسے سپورٹ کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.