بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ہمیں بھارت کا سہارا بننے کی ضرورت ہے: شعیب اختر

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھارت میں کورونا وائرس کی بدترین صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ہم سب کو بھارت سمیت ایک دوسرے کا سہارا بننے کی ضرورت ہے۔

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز پر تبصرہ کرتے ہوئے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’بھارت کے مخلتف شہروں میں روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کی تعداد میں کیسز سامنے آرہے ہیں جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔‘

شعیب اختر نے کہا کہ ’اس مشکل وقت میں بھارت کو ہماری ضرورت ہے، ہمیں تمام لڑائی جھگڑوں کو ایک طرف رکھ کر اپنے پڑوسی ملک کی مدد کرنی چاہیے۔‘

اُنہوں نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ’میں حکومتِ پاکستان اور ہماری عوام سے درخواست کرتا ہوں کہ براہِ کرم! بھارت کی مدد کریں، وہاں آکسیجن کی شدید قلت ہے، جتنا ہوسکے تعاون کریں۔‘

’شاید یہ میری آخری صبح ہو‘ کی پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے چند گھنٹے بعد ہی بھارت کی ایک خاتون ڈاکٹر کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہوگئی۔

شعیب اختر نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’بھارت واقعی کورونا وائرس سے جدوجہد کر رہا ہے اور اُسے اس وقت عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔ ‘

اُنہوں نے کہا کہ ’بھارت میں صحت کی دیکھ بھال کا نظام تباہ ہورہا ہے۔‘

سابق کرکٹر نے مزید کہا کہ ’یہ ایک وبائی بیماری ہے، ہم سبھی اس میں مبتلا ہیں لہٰذا ہمیں ایک دوسرے کا سہارا بننا چاہیے۔‘

سماجی کاموں میں ہمیشہ سب سے آگے رہنے والی اور معاشرتی مسائل پر اپنی آواز بُلند کرنے والی شنیرا اکرم نے کہا ہے کہ اُن کی دُعائیں کورونا وائرس سے شدید متاثر بھارت کے ساتھ ہیں۔

یاد رہے کہ اس وقت بھارت میں روزانہ لاکھوں افراد کورونا وائرس کی وبا میں مبتلا ہورہے ہیں، بھارت میں صحت کی فراہمی کا نظام زمیں بوس ہوچکا ہے اور لوگوں کو اسپتالوں میں بیڈز اور آکسیجن بھی دستیاب نہیں ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.