کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہےکہ فتح تو اسی وقت ہوگئی تھی جب جن لوگوں کو پتا تھا کہ ہار جائیں گے وہ بھاگ گئے تھے،ہم آگے بڑھے ہیں ڈھائی سال سے الیکشن کو نہ ہونے دیا گیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے مل کر عوام کو ان کے حق سے محروم رکھا، اسی طرح پی ٹی آئی اور نواز لیگ بھی بلدیاتی انتخابات کرانے پر تیار نہیں ہوتیں،جماعت اسلامی آج نہ صرف کراچی بلکہ پورے ملک کی سیاست میں اُبھر کر سامنے آئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اس میں ہمارے سارے کارکنان کی ان تھک جد وجہد اور عوام کی پذیرائی شامل ہے، اب تک کے نتائج کے مطابق ہم نمبر ون ہیں اور ہمارے علاوہ جو کامیاب ہوئے ہیں ان کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم بھاری اکثریت سے جیت رہے ہیں لیکن پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت سرکاری مشینری اور ڈی سیز کے ذریعے نتائج میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے،قانون کے مطابق تمام ڈی آر اوز فارم11/12دستخط کر کے دینے کے پابند ہیں لیکن یہ فارم پوری قانونی صورت میں فراہم نہیں کیے جا رہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ جب چیف الیکشن کمشنر و سیکریٹری الیکشن کمشنر اور صوبائی الیکشن کمیشن نے مطلوبہ قانونی فارم دینے کی یقین دہائی کرا دی تو پھر ڈی سیز اور ڈی آر او کون ہیں جو نتائج دینے میں تاخیر کر رہے ہیں، ڈپٹی کمشنر کیوں کہہ رہے ہیں کہ ڈی سی آفس میں دوبارہ گنتی ہو گی۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہم اسے تسلیم نہیں کریں گے، عوام کے دیئے ہوئے مینڈیٹ پر شب ِ خون نہیں مارنے دیں گے، سندھ حکومت اور الیکشن کمیشن کو متنبہ کرتے ہیں کہ اگرآپ ایک گھنٹے میں فارم نہ دیئے تو بھر پور احتجاج کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ہمارامینڈیٹ کو کم آنے اور کسی کو بھی چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے،ہم قانونی طور پر مکمل نتائج حاصل کرنے تک پولنگ اسٹیشن سے باہر نہیں نکلیں گے، خود میری یوسی میں پی پی کے ایک رہنما بڑا مجمع لے کر آگئے تھے اور ہر پولنگ کے عمل کو اپنے حق میں کرنے کی کوشش کی۔
Comments are closed.