ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں مجموعی طور پر صفر اعشاریہ 67 فیصد کمی آئی ہے یوں مجموعی مہنگائی کی شرح 18 اعشاریہ 64 فیصد رہی ہے۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ جاری کردی ہے، جس کے مطابق ایک ہفتے میں گھی، دالیں، دودھ، انڈوں سمیت 20 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آٹا چینی ،ٹماٹر سمیت 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جبکہ 23 اشیاء کی قیمتوں میں کوئی رد و بدل نہیں ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران جن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ان میں گھی کی فی کلو اوسط قیمت 2 روپے 3 پیسے بڑھی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں گھی کی اوسط فی کلو قیمت 391 روپے 04 پیسے پہنچ گئی ہے، دال مونگ 57 پیسے، دال مسور ایک روپے 87 پیسے، دال چنا 65 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران انڈے فی درجن 6 روپے 73 پیسے مہنگے ہوئے جبکہ حالیہ ہفتے دودھ، دہی، بیف اور لہسن بھی مہنگے ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی ،زندہ مرغی اوسط 17 روپے 91 پیسے فی کلو کمی کے بعد 252 روپے 72 پیسے فی کلو ہو گئی ہے۔
چینی اوسط ایک روپے 79 پیسے فی کلو سستی ہونے کے بعد ملک میں چینی کی اوسط قیمت 93 روپے 76 پیسے پر آگئی ہے۔
ادارہ شماریات کے مطابق ٹماٹر 21 روپے 84 پیسے فی کلو سستے ہوئے، اوسط قیمت 117 روپے 85 پیسے ہو گئی ۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 11 روپے 36 پیسے کمی آئی جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 18 روپے 11 پیسے سستا ہوا۔
Comments are closed.