جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

ہزاروں فلسطینیوں کی شہادتوں کے بعد اسرائیل ’عالمی تنہائی‘ کا شکار ہونے لگا: برطانوی اخبار

برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ ہزاروں فلسطینیوں کی وحشیانہ بمباری میں شہادتوں کے بعد اسرائیل ’عالمی تنہائی‘ کا شکار ہونے لگا ہے۔

برطانوی اخبار نے کہا ہے کہ غزہ پر وحشیانہ بمباری اور ہزاروں ہلاکتوں کے باوجود اسرائیل کو کامیابی کے اشارے نہیں مل رہے، غزہ پر بدترین حملوں کے باوجود اسرائیل خود کو اگلے ممکنہ حملوں سے محفوظ بنانے کا یقین حاصل نہیں کر سکا ہے۔

اخبار کا کہنا ہے کہ برطانیہ جیسا اتحادی بھی اب اسرائیل سے مستحکم جنگ بندی کا مطالبہ کرنے لگا ہے، اسرائیل عالمی تنہائی کے باوجود صرف امریکی تعاون کے بل بوتے پر غزہ پر حملے جاری رکھے ہوئے ہے۔

اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ غزہ جنگ کئی ماہ تک جاری رہے گی۔

برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ آئندہ سال اسرائیل کے لیے ’غیر مشروط امریکی حمایت‘ میں کمی کے اشارے ملنے لگے ہیں، امریکا بھی اسرائیل سے غزہ پر ’انتہائی شدت والے حملوں‘ کے خاتمے کا پلان مانگنے لگا ہے، امریکا چاہتا ہے کہ اسرائیل صرف حماس کے ٹھکانوں پر ہی حملے کرے۔

اخبار نے یہ بھی کہا ہے کہ 7 اکتوبر کے حملوں نے اسرائیلیوں کو غم کی جس کیفیت نے متحد کیا، اس اتحاد میں بھی اب دراڑیں پڑتی نظر آ رہی ہیں، اسرائیل عالمی دباؤ کے باوجود جنگ بندی اس لیے نہیں کر پا رہا کہ اس کے پاس دوسرا کوئی پلان ہی نہیں، اسرائیل اب تک نہیں بتا سکا کہ وہ کیسے اُس تنظیم کو ختم کرے گا، جس کے سیاسی و نظریاتی رابطے صرف غزہ تک محدود نہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.