گھر کے فریج میں کتے، بلیاں اور سانپ رکھنے والا شخص گرفتار
امریکی ریاست ایریزونا میں پولیس نے گھر کے فریزر میں کتوں، بلیوں اور پرندوں سمیت 183 اقسام کے جانوروں کو فریز کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔
موہاوے کاؤنٹی شیرف کے دفتر نے بتایا ہے کہ ایریزونا کے 43 برس کے مائیکل پیٹرک ٹورلینڈ نے اعتراف کیا ہے کہ کچھ زندہ جانوروں کو بھی وہ فریز کر چکے ہیں۔ مائیکل پیٹرک پر جانوروں پر ظلم ڈھانے کی پاداش میں 94 دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
شیرف کی ترجمان انیتا مورٹینسن نے کہا ہے کہ جائے وقوہ کی تصاویر ’نفرت انگیز اور دل دہلا دینے والی تھیں۔‘
انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ایک جانوروں سے محبت کرنے والے کے طور پر میں ان کو دیکھ کر رو رہی تھی۔‘
حکام کو اب مائیکل پیٹرک کی اہلیہ بروکلین بیک کی تلاش ہے۔
مائیکل پیٹرک کی گرفتاری پولیس کو ایک خاتون کی طرف سے اطلاع ملنے کے بعد عمل میں لائی گئی، جس نے پولیس کو بتایا تھا کہ اس نے اپنے چند سانپ مائیکل پیٹرک کے پاس چھوڑے تھے تاکہ وہ ان کی دیکھ بھال کر سکے مگر مائیکل چند ماہ بعد غائب ہو گئے اور وہ انھیں ڈھونڈنے میں ناکام رہیں۔
یہ بھی پڑھیے
خاتون نے پولیس کو بتایا کہ جس گھر میں مائیکل پیٹرک اور ان کی اہلیہ رہتے تھے اس کے مالک نے ان سے کچھ عرصے بعد رابطہ کیا تو یہ راز افشاں ہوا۔ انھوں نے بتایا کہ جب مالک اپارٹمنٹ کی صفائی کے لیے آیا تو گیراج میں مردہ جانوروں سے بھرا ایک فریزر ملا، جس میں اس کے کچھ سانپ بھی تھے۔ اپارٹمنٹ کے مالک نے فوراً ان سے رابطہ کر کے انھیں اس بارے میں مطلع کیا۔
پولیس کو فریز کردہ کچھ جانوروں میں کتے، کچھوے، چھپکلی، پرندے، سانپ، چوہے اور خرگوش ملے۔ دس دن بعد پولیس کو اطلاع ملی کہ مائیکل پیٹرک گھر پر واپس آئے ہیں، اور انھوں نے اسے گرفتار کر لیا۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ملزم ان جانوروں کو کیوں فریز کرتا تھا۔
Comments are closed.