سینیٹ اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ہدایت کی ہے کہ گھریلو ملازمین کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کے لیے نیا سروے کرایا جائے۔
گھریلو ملازمین کے ڈیٹا کے حوالے سے سینیٹ اجلاس کے دوران وزارتِ داخلہ کی جانب سے تحریری جواب جمع کرایا گیا۔
وزارتِ داخلہ کے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں گھریلو ملازمین کا ریکارڈ نہ پولیس کے پاس ہے، نہ ہی محکمۂ بہبودِ مزدور رکھتا ہے۔
جمع کرائے گئے تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ تمام تھانوں کو تاکید کی گئی ہے کہ بچوں کے خلاف گھریلو تشدد کے واقعات پر فوری کارروائی کریں۔
وزارتِ داخلہ کا سینیٹ میں جمع کرائے گئے اپنے تحریری جواب میں یہ بھی کہنا ہے کہ رواں سال بچوں کے خلاف گھریلو تشدد کا کوئی واقعہ اسلام آباد میں پیش نہیں آیا۔
سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ گھریلو ملازم بچوں کا کوئی ڈیٹا حکومت کے پاس نہیں، آئے روز گھریلو ملازم بچوں سے تشدد کے واقعات پیش آتے ہیں، حکومت کو گھریلو ملازم بچوں کا ڈیٹا رکھنا چاہیئے۔
علی محمد خان نے کہا کہ گھریلو ملازم بچوں کا ڈیٹا حکومت کے پاس ہونا چاہیئے، گھریلو ملازمین کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کیلئے سروے ہونا چاہیئے۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ہدایت جاری کی کہ گھریلو ملازمین کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کے لیے نیا سروے کرایا جائے۔
Comments are closed.