امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ 6 اکتوبر کا گورنر ہاؤس کا دھرنا پورے پاکستان کی نمائندگی کرے گا۔
ادارہ نور حق میں ناظمین کے اجتماع سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام بجلی کے بل، پیٹرول کی قیمت اور مہنگائی کے عذاب سے دوچار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 6 اکتوبر کے دھرنے کا اولین مقصد عوام کے ساتھ مل کر مہنگائی کے عذاب کا خاتمہ ہے، قومی انتخابات قریب ہیں، ہم بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے ۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ کراچی کے عوام جان چکے ہیں کہ کونسی جماعت شہر کی ترقی کےلیے کام کر رہی ہے۔ ہم عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے آواز بنتے ہیں، محض نشستیں جیت کر مفادات کا سودا نہیں کرنا۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ یو سی کا ضمنی انتخاب اس فرد کےلیے کیا جارہا ہے، جو جعلی طریقے سے میئر کی سیٹ پر مسلط ہوا ہے۔ ایک فرد صرف یو سی کی نشست کےلیے 3 جگہ سے انتخاب لڑسکتا ہے یا نہیں، قانونی چارہ جوئی کی جائےگی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہماری قانونی ٹیم دیکھے گی، کیا کوئی شخص صرف ایک یو سی کے لیے 3 جگہ سے انتخابات لڑسکتا ہے یا نہیں؟
اُن کا کہنا تھا کہ ٹرانزیشن پیریڈ ختم نہ ہونے کے باوجود جماعت اسلامی کے ٹاؤن اور یو سی چیئرمین اختیارات کے بغیر کام کررہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد عوام کے مفاد کے لیے اور ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لیے ہے۔
Comments are closed.