جمعرات 27؍جمادی الاول 1444ھ 22؍دسمبر 2022ء

گورنر پنجاب غیر آئینی احکامات جاری نہ کریں، اسمبلی کل تحلیل نہیں ہوسکتی، اسپیکر

لاہور: پنجاب اسمبلی کے اسپیکر سبطین خان نے کہا ہے کہ گورنر پنجاب غیر آئینی احکامات نہ دیں، صوبائی اسمبلی کل تحلیل نہیں ہو سکتی، یہ معاملہ جنوری تک جا سکتا ہے۔

صوبائی اسمبلی کے احاطے میں ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے گورنر کو جوابی خط میں لکھا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ کے اعتماد کے ووٹ کے لیے اجلاس طلب کر سکتے ہیں لیکن وزیر اعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی نہیں کر سکتے جب کہ  جاری سیشن کے دوران گورنر نیا اجلاس بھی طلب نہیں کر سکتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی اسپیکر کی رولنگ مؤثر ہوتی ہے۔ میرے پاس آئین کے مطابق مکمل اختیارات ہیں، لیکن گورنر غیر آئینی احکامات جاری نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئین و قانون سے بالا کوئی بھی کام نہیں ہوگا۔

سبطین خان نے مزید کہا کہ پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد ابھی تو پیش ہوئی ہے، اس پر کارروائی میں وقت لگے گا، کل اسمبلی نہیں ٹوٹ سکتی، اگر زیادہ جلدی بھی ہوئی تو شاید جنوری کے پہلے ہفتے میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا مرحلہ ہو سکتا ہے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ سیشن چل رہا ہو یا نہیں، گورنر وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی نہیں کر سکتے۔ اگر وہ ڈی نوٹیفائی کرتے تو ہمارا صدر کو لکھا جانے والا خط تیار ہے، ہم اسے ارسال کردیتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تو فوری اسمبلی توڑنا چاہتے ہیں لیکن تحریک عدم اعتماد کا معاملہ آ گیا جس کی وجہ سے یہ تاخیر کا شکار ہوا۔

You might also like

Comments are closed.