جمعرات 27؍جمادی الاول 1444ھ 22؍دسمبر 2022ء

اسلام آباد ہائی کورٹ کے الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری

اسلام آباد: ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں 31 دسمبر کو بلدیاتی الیکشن رکوانے کی درخوست پر الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت جمعہ تک ملتوی کر دی ۔ 

جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین کے امیدوار شہزاد اورنگزیب کی جانب سے وکیل عادل قاضی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ وہ وفاقی حکومت کی بات نہیں مانتے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ آج کے دن 125 یونین کونسلز موجود ہیں، 101 پر الیکشن کیسے کرائیں گے؟ انتخابی شیڈول کے بعد یونین کونسلز کی تعداد میں اضافہ کیا گیا۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کا بل بھی اسمبلی میں موجود ہے۔یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے سے متعلق وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹیفکیشن مسترد کرنے کا فیصلہ چیلنج کر دیا ہے۔

ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر جدون کے ذریعے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔عدالت نے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت آج (جمعہ تک) ملتوی کر دی گئی۔

You might also like

Comments are closed.