ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

گورنر اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے اراکینِ قومی اسمبلی سے رابطے

وزیرِ اعظم عمران خان آج اعتماد کا ووٹ لینے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور اور وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار سے اراکین قومی اسمبلی کی اسلام آباد میں ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسلام آباد میں اراکینِ قومی اسمبلی سے ملاقات میں وزیرِ اعظم کے اعتماد کا ووٹ لینے کے حوالے سے حکمتِ عملی پر تبادلۂ خیال کیا جبکہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ 11 جماعتوں پر مشتمل پی ڈی ایم کا ٹولہ پہلے ہی میدان سے بھاگ گیا ہے، قومی اسمبلی کے اجلاس کا بائیکاٹ شکست خوردہ عناصر کا غیر جمہوری اقدام ہے۔

عثمان بزدار کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بہترین حکمتِ عملی سے پی ڈی ایم کو آؤٹ کلاس کر دیا ہے، وزیرِ اعظم عمران خان نے کرپٹ سیاستدانوں کو بے نقاب کیا ہے۔

آج وزیرِ اعظم عمران خان پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے والے ہیں، اس سلسلے میں پارلیمنٹیرینز کی پارلیمنٹ ہاؤس آمد کا سلسلے بھی جاری ہے، اس موقع پر وہاں سیکیورٹی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ لینے کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس پر سیکیورٹی کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔

اسلام آباد کے ڈی چوک، پارلیمنٹ لاجز اور قومی اسمبلی کے اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔

پی ٹی آئی کارکنان وزیرِ اعظم عمران خان سے اظہارِ یک جہتی کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ رہے ہیں، سوا 12 بجے دن قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہو گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں آج صبح مشترکہ ناشتے کے اہتمام کیا گیا ہے، ناشتے میں وزیرِ اعظم عمران خان بھی شریک ہیں۔

وفاقی کابینہ کے ارکان، پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے تمام ارکانِ قومی اسمبلی کے علاوہ اتحادی جماعتوں کے ارکان بھی پی ٹی آئی ارکان کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے ناشتے میں شریک ہیں۔

اتحادی جماعتوں مسلم لیگ ق، بلوچستان عوامی پارٹی، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے اراکین کو ناشتے کی دعوت دی گئی ہے۔

ایم کیو ایم کے ارکان ناشتے کے لیے ایک ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں ناشتے کی بیٹھک میں حکومت و اتحادی مشترکہ حکمتِ عملی طے ہو گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.