گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والے محمد شبیر چیمہ سوئٹزرلینڈ میں چوتھی مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئے۔
محمد شبیر چیمہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے، وہ مسلسل چوتھی مرتبہ سوئٹزرلینڈ کے شہر بیلاخ کی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہونے والے واحد ایشیائی باشندے ہیں۔
پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے نواحی علاقے بینکے چیمہ سے تعلق رکھنے والے شبیر چیمہ واحد ایشیائی باشندے ہیں جنہیں سوئٹزرلینڈ کی پارلیمنٹ میں بطور رکن شمولیت کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
شبیر چیمہ نے رواں برس جون میں ہونے والے انتخابات میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی) کی نشست پر کامیابی حاصل کی جس کا حلف انہوں نے بیلاخ کی ڈسٹرکٹ پارلیمنٹ میں اٹھایا۔
محمد شبیر چیمہ نے کامیابی کا سہرا اللّٰہ اور رسول اللّٰہ کے خصوصی کرم کے بعد اپنے والدین کی دعاؤں اور پاکستانی کمیونٹی کی محنت کو قرار دیا۔
حلف اٹھانے کے بعد مقامی نمائندوں سے بات کرتے ہوئے محمد شبیر چیمہ کا کہنا تھا کہ کمیونٹی کی بے لوث خدمت کیلئے دن رات ایک کرنے والوں کو کبھی ناکامی کا منہ نہیں دیکھنا پڑتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاست میں 13 سالوں کے دوران جو خدمات پیش کیں وہ ہماری کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
پارلیمنٹ آف بلاغ سے منتخب ہونے والے پاکستانی نژاد شبیر چیمہ کے بڑے بھائی محمد رفیق چیمہ بھی گوجر انوالہ کی سیاست میں اہم مقام رکھتے ہیں۔
Comments are closed.