گوجرانوالہ میں ضمنی انتخاب کے باوجود پولیس افسران کے تبادلے جاری، آئی جی پنجاب انعام غنی نے ایس پی صدر کے بعد ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر رضوان کو بھی تبدیل کر دیا، الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کو خط لکھ دیا جس میں تبادلے منسوخ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تبادلے اور تعیناتیاں الیکشن کمیشن آرڈر کی خلاف ورزی ہیں۔
گوجرانوالہ میں 19 فروری کو حلقہ پی پی 51 میں ضمنی انتخاب کے باعث الیکشن کمیشن نے ضلع بھر میں تبادلوں اور نئی تعیناتیوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے، پابندی کے باوجود آئی جی پنجاب نے پہلے 26 جنوری کو ایس پی صدر کو تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا اور اب ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر رضوان کی جگہ عبدالروف بابر کو تعینات کرکے انہیں ایس ایس پی آپریشن کا اضافی چارج بھی دیدیا گیا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے آئی جی پنجاب کو لکھے گئے خط میں کہا ہے الیکشن کمیشن کی طرف سے ایس پی صدر کا تبادلہ منسوخ کرنے کیلئے کہا گیا تھا لیکن پہلا تبادلہ منسوخ کرنے کی بجائے نئے تبادلے کر دئیے گئے ہیں ، تبادلے اور تعیناتیاں الیکشن کمیشن آرڈر اور ضابطہ اخلاق کی واضح خلاف ورزی ہیں تبادلوں سے شبہات پیدا ہو رہے ہیں ۔
پولیس افسران کے تبادلوں پر نون لیگ کے مقامی ایم این اے نثار چیمہ نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تونسہ شریف کے رہائشی ایس ایس پی کو خاص مقصد کیلئے لگایا گیا ہے الیکشن کمیشن کے خط کا متن ان کی بے بسی کا ثبوت ہے۔
Comments are closed.