پیر 15؍ربیع الاول 1445ھ2؍اکتوبر 2023ء

گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری کے گینگ کا پتہ لگا لیا، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری کے پورے گینگ کا پتہ لگا لیا ہے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے بتایا کہ گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری میں ملوث ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر فواد اسی جرم میں پہلے بھی گرفتار ہوچکا ہے، جن کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

نگراں وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ پولیس نے بہت اچھی تفتیش کر کے پورے گینگ کا پتہ لگایا۔ اس گروہ کے تمام ارکان گرفتار ہوچکے ہیں، جن کو چھوڑنے کےلیے شدید دباؤ آیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس بہترین انداز میں کام کر رہی ہے، ہمارا پورا فوکس ہے۔ اس طرح کے گروہوں کی نشاندہی کرکے اُسے انجام تک پہنچائیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ ایک پورا گینگ ہے جو لوگوں کو ٹرانسپلانٹ کےلیے گھیرتا ہے، کڈنی کے زیادہ تر غیرقانونی ٹرانسپلانٹ آزاد کشمیر میں کیے جارہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسلا اور آزاد کشمیر میں یہ گروہ آپریٹ کر رہا تھا۔ ملزمان کے سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گردوں کی غیرقانونی پیوندکاری میں ملوث ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا۔ یہ لوگ 28 لاکھ روپے سے لے کر ایک کروڑ روپے تک گردہ فروخت کرتے تھے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر 8 لوگوں کے گروہ کا سرغنہ ہے۔ ڈاکٹر کا شاگرد جو آپریشن میں مدد دیتا تھا، وہ موٹر مکینک ہے۔ پولیس نے دن رات کام کر کے گینگ کو گرفتار کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ہم کوشش کریں گے کیس کا مضبوط چلان پیش کریں، ضرورت پڑی تو اس کیس کو ایف آئی اے کو بھجوائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.