جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

کے پی کے: مضر صحت اشیاء خورونوش کے خلاف فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں

خیبرپختونخوا بھر میں ناقص اور مضر صحت اشیاء خورونوش کے خلاف فوڈ سیفٹی اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں۔

ضلع چترال میں گاڑی سے 1000کلوگرام باسی مچھلی برآمد کرکے تلف کردی۔

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کے مطابق ایک ہزار کلوگرام مچھلی حفظان صحت کے اصولوں کے خلاف چترال لائی جا رہی تھی، جسے قبضے میں لے کر تلف کردیا گیا ہے ۔

ہنگو میں معائنے کے دوران بیکری کے پروڈکشن یونٹ سے 700 لیٹرز باسی تیل اور فیکٹری سے 150 کلوگرام مضر صحت چپس برآمد کرلیے گئے۔

فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر آپریشنز کے مطابق ایبٹ آباد میں چپس تیار کرنے والی فیکٹری سے 460 کلوگرام غیر معیاری پیکنگ مٹیریل ضبط کیا گیا۔

ضلع کرم میں کارروائی کے دوران 200 لیٹرز مضر صحت اور زائد المیعاد مشروبات تلف کردیے گئے۔

خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل شاہ رخ علی خان کے مطابق ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں اور صحت عامہ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.