امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے اعلان کیا ہے کہ ہم کل سے کے الیکٹرک کے خلاف عوامی ریفرنڈم شروع کر رہے ہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے بلوں میں ڈیوٹیز اور الیکٹری سٹی چارجز، یونیفارم، ٹیرف فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نے جینا دوبھر کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارا مطالبہ یہ ہے کہ بجلی کے بلوں سے میونسپل چارجز ختم ہونے چاہئیں، کے الیکٹرک کا آڈٹ ہونا چاہیے، فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کو ختم کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ نعمت اللّٰہ خان نے کے ایم سی ٹیکس کی ریکوری میں اضافہ کیا، کراچی میں سائن بورڈز سے کروڑوں روپے کمائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2013ء میں جب ہر جگہ قبضہ کیا جا رہا تھا، ایم کیو ایم پیپلز پارٹی ساتھ ملی ہوئی تھیں، یہ دونوں جماعتیں آج بھی ایک ساتھ ہیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی میں موٹر وہیکل ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، اس ٹیکس کے بدلے شہریوں کو کون سی سڑک دی جا رہی ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی کوئی سڑک سلامت نہیں رہی، کون سا علاقہ ہے جہاں اب سڑکیں موجود ہوں؟ موٹر وہیل ٹیکس وصول کر کے کون سی سہولت دی جا رہی ہے؟
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے یہ بھی کہا کہ ہم کل کورٹ میں کے الیکٹرک کے خلاف ایک اور پٹیشن دائر کریں گے، اس وقت ہمارے سوا کے الیکٹرک کے خلاف کوئی نہیں بول رہا۔
Comments are closed.