جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

کے الیکٹرک کو لائسنس نہیں ملنا چاہیے: حافظ نعیم الرحمٰن

جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کو لائسنس نہیں ملنا چاہیے، کے الیکٹرک کو بغیر معاہدے کے گیس فراہم کی جاتی ہے، جب سستی بجلی موجود ہے تو کے الیکٹرک مہنگی بجلی کیوں بنائے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ہونا چاہیے، نیپرا، حکومت اور کے الیکٹرک کا گٹھ جوڑ ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کا ایک ہی ایجنڈا ہے، گریٹر اسرائیل کو بنانے کے لیے امریکا اور اسرائیل پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل جمہوریت دشمن فورس ہیں، امریکا کو ایسی جمہوریت پسند ہے جس میں اس کے کٹھ پتلی شامل ہوں۔

جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر کا کہنا ہے کہ حماس نے مزاحمت کا مظاہرہ کیا، حماس ایک جمہوری قوت ہے، جس نے اپنے قیدیوں کے ساتھ جو سلوک کیا اس سے پوری دنیا کی توجہ ان کی طرف ہے، حماس نے خود نہیں کھایا اور قیدیوں کو کھلایا، ان کا خیال رکھا۔

ان کا کہنا ہے کہ حماس نے قیدیوں کو تمام سہولتیں فراہم کیں، حماس لوگوں کے دلوں میں رہتی ہے، اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں پر تشدد کیا، سردی میں باہر چھوڑ دیا، اسرائیل فلسطینی قیدیوں پر ظلم کرتا ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک میں الیکشن سے پہلے ہی نتائج پر تبادلۂ خیال ہو رہا ہے، مسلم حکمرانوں کو قبلہ اول کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاستدان اسرائیل کے معاملے پر واضح بات نہیں کرتے، اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے، اسے ہم تسلیم نہیں کرتے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا مزید کہنا ہے کہ دنیا بھر میں فلسطین کے لیے مظاہرے ہوئے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے غزہ کے مسلمانوں کے لیے کونسا احتجاج کیا؟

امیرِ جماعتِ اسلامی کرالچی نے یہ بھی کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے لوگوں کا خون نچوڑا جا رہا ہے، اس وقت شہر میں اسٹریٹ کرائم کی صورتِ حال بدترین ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.