بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کیمبرج کے ایک ہوٹل سے روبوٹ ویکیوم کلینر عملے کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب

کیمبرج کے ایک ہوٹل سے روبوٹ ویکیوم کلینر عملے کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب

ویکیوم کلینر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشن

اسی قسم کے ایک ویکیوم کلینر نے جمعرات کو ہوٹل سے راہ فرار اختیار کیا تھا

کیمبرج کے ایک ہوٹل سے ایک خودکار ویکیوم کلینر ہوٹل کے عملے کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ یہ ایک طرح سے اس ویکیوم کلینر کے لیے آزادی تھی۔

یہ واقعے کچھ ایسا ہے کہ کیمبرج کے اورچڈ پارک کے ایک ہوٹل میں صفائی کے لیے استعمال کیا جانے والا ایک خودکار ویکیوم کلینر ہوٹل کے مرکزی دروازے پر رکنے اور واپس اندر مڑنے کی بجائے چپکے سے باہر نکل کیا اور سارا دن غائب رہا۔

اس ویکیوم کلینر کے ہوٹل سے غائب رہنے پر ہوٹل عملے کا کہنا تھا کہ ‘وہ بس سیدھا چلتا گیا اور ‘اس وقت وہ کہیں بھی ہو سکتا ہے۔’

تاہم ہوٹل عملے کی جانب سے اس واقعے کا ذکر سوشل میڈیا پر کرتے ہوئے ‘اس کے ملنے پر اسے لوٹانے کی درخواست کی۔’

ہوٹل کے اسسٹنٹ منیجر نے اس واقعے کو ہلکے پھلکے انداز میں بیان کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ ‘آج ہمارے چار میں سے ایک ویکیوم کلینر ہوٹل سے فرار ہو گیا ہے۔ عموماً وہ ہوٹل کے مرکزی دروازے کو محسوس کرتے ہیں اور واپس مڑ جاتے ہیں لیکن اس نے شائد فرار ہونے میں عافیت جانی ہے۔’

ہوٹل عملے کی جانب سے اس کے غائب ہونے کا علم 15 منٹ بعد ہوا اور اس کی تلاش کے بعد بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ ہمیں چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب رہا ہے۔

جس پر سوشل میڈیا پر ویکیوم کلینر کی آزادی کی حامی افراد نے اس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ‘امید ہے وہ اپنے سفر سے لطف اندوز ہو رہا ہو گا اور اسے جنگل میں کوئی قدرتی شکاری نہیں ملے گا۔’

ہوٹل کے اسسٹنٹ منیجر نے اس خیال کا اظہار کرتے ہوئے کہ شاید وہ کسی کو ملا اور اس نے اپنے پاس رکھ لیا مزید لکھا کہ وہ صرف ہوٹل کے چارجر کے ساتھ ہی چارج ہو سکتا ہے لہذا وہ کسی اور کے لیے ‘بیکار’ ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کلینر

،تصویر کا ذریعہN CHADWICK/GEOGRAPH

جبکہ چند سوشل میڈیا صارفین نے روبوٹ کے فرار ہونے کے واقعے پر مزاح بھی کیا، ایک نے اس کی حفاظت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ ‘فطرت ویکیوم سے نفرت کرتی ہے۔’

تاہم ہوٹل عملے کو سکھ کا سانس اس وقت آیا جب اگلے روز یہ ویکیوم کلینر ایک قریبی جھاڑی میں الجھا ہوا برآمد ہوا۔

اسے ایک اور قریبی ہوٹل کے صفائی کرنے والے ملازم نے اپنے ہوٹل کے سامنے سے صفائی کے دوران برآمد کیا۔ ہوٹل انتظامیہ نے تصدیق کی ہے کہ اب اس کو جھاڑ پونچ کر اسے کی ویکیوم برادری کے ساتھ رکھا گیا ہے جہاں وہ ان میں خوش ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.