وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ کیا عمران خان کی جان کو خطرہ صرف عدالت کے احاطے میں ہے؟
ایک بیان میں شیری رحمٰن نے کہا کہ کیا ریلیوں اور جلسوں میں عمران خان کی جان کو کوئی خطرہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پیشیوں اور فرد جرم سے بچنے کیے لیے سیکیورٹی کا حربہ استعمال کر رہے ہیں۔
شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ عمران خان سیکیورٹی خدشات کے بہانے عدالت اور جوابدہی سے استثنیٰ مانگ رہے ہیں، ان کو حکومت پر قتل کے الزامات کے ثبوت دینے ہوں گے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا بعد میں کہیں میرا بیان ’سیاسی‘ تھا، ان کی تمام سیاست دوسروں پر الزام تراشی اور کردار کشی میں گزری ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ قتل کے الزامات پر سیاست کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ہم عمران خان کے الزامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا کہ مجھے آج یا کل مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے۔
عمران خان نے کہا تھا کہ آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد نے میرے قتل کے لیے اسکواڈ بنایا، اس اسکواڈ کے لوگ ہمارے لوگوں کے درمیان آکر چار، پانچ پولیس اہلکاروں کو قتل کریں گے۔
Comments are closed.