فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ ہر میچ میں کوشش ہوتی ہے کہ اپنا امپیکٹ ڈالوں تاکہ ٹیم کو فائدہ ہو۔
تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل اور اپنا 50 واں انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے والے حارث رؤف نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل ایسی جیت کی بہت ضرورت تھی۔
حارث رؤف نے کہا کہ کھلاڑیوں نے تین ملکی سیریز میں بہت جان ماری ہے، جیت سے ورلڈ کپ میں آسانی ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ہر میچ میں کوشش ہوتی ہے کہ پرفارم کروں اور اپنا حصہ ڈالوں، کپتان مجھے جو پلان دیتے ہیں میں کوشش کرتا ہوں اس کے مطابق بولنگ کروں۔
حارث رؤف نے کہا کہ بابر اعظم مجھ پر انحصار کر رہے ہوتے ہیں کہ آپ سینئر بولر ہو آپ اچھا کرو گے تو دوسرے آپ کو دیکھ کر اچھا کریں گے، کوشش ہوتی ہے کہ میچ میں امپیکٹ ڈالوں تاکہ سب کے لئے آسانی ہو۔
حارث رؤف نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اچھی تیاری ہوئی ہے، آسٹریلیا کی کنڈیشنز بھی نیوزی لینڈ سے ملتی جلتی ہیں، بیٹرز کے ساتھ بولرز کو بھی فائدہ ہوگا، ہمیں پتہ چلے گا کہ ہم نے کہاں بولنگ کرنی ہے۔
واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے تین ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں پاکستان نے میزبان نیوزی لینڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔
اپنا 50 واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے فاسٹ بولر حارث رؤف نے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔
Comments are closed.