سدا بہار پھل کھجور، جس کا استعمال صرف سنت نبویﷺ ہی نہیں بلکہ صحت بخش بھی ہے۔
یہ میٹھا پھل فائبر، پوٹاشیم، کاپر، مینگنیز، میگنیشم اور وٹامن بی سکس جیسے غذائی اجزاء سے بھرپور ہوتا ہے جس کے متعدد طبی فوائد ہیں۔
اس کا استعمال صرف رمضان میں ہی نہیں بلکہ پورے سال کیا جاسکتا ہے ، سائنسی تحقیق سے سامنے آنے والے چند درج ذیل فوائد سے ہم نا آشنا تھے۔
کھجوروں میں بی وٹامنز بشمول بی 1، بی 2، بی 3 اور دیگر کی معتدل مقدار میں ہوتا ہے جس سے روزانہ درکار وٹامن بی کے حصول میں مدد ملتی ہے۔ بی وٹامنز کاربوہائیڈریٹس، پروٹینز اور چکنائی کو میٹابولائز کرنے کا کام کرتے ہیں، جسم کو ان غذائی اجزا سے توانائی حاصل ہوتی ہے۔ یہ وٹامنز اس وقت اعصابی نظام کے صحت مند افعال میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، جب جسم کو ان وٹامنز کی کمی کا سامنا ہوتا ہے جسمانی توانائی میں کمی، کمزوری، تھکاوٹ اور توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
اگر آپ کی ہڈیاں کمزور ہیں تو کھجوروں کا استعمال اپنا معمول بنا لیں، کھجوروں میں کیلشیئم، میگنیشم اور زنک کے ساتھ فاسفورس جیسے منرلز موجود ہیں، جو ہڈیوں کی صحت کو بہتر بنانے اور ان کے امراض سے محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
اگر آپ امراض قلب میں مبتلا ہیں تو کھجوروں کا استعمال کریں ، یہ پوٹاشیم کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ یہ ایک ایسا ضروری منرل جو جسم میں سیال اور الیکٹرو لائٹ توازن کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے۔
پوٹاشیم عصبی نظام، نبض اور بلڈ پریشر کو ریگولیٹ کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے، ماہرین کے مطابق پوٹاشیم سے بھرپور غذا بلڈ پریشر کی سطح میں کمی لاتی ہے جس سے امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
کھجور جیسی غذائی فائبر سے بھرپور غذائیں صحت بخش غذا کا اہم حصہ ہوتی ہیں۔ ماہرین کی جانب سے روزانہ 20 سے 30 گرام فائبر روزانہ جزوبدن بنانے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ غذائی فائبر کا استعمال بڑھانے سے آنتوں کے افعال درست ہوتے ہیں اور قبض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
کھجوروں میں ایسے مرکبات موجود ہیں جن سے عمر بڑھنے سے لاحق ہونے والے آنکھوں کے امراض کی روک تھام میں مدد ملتی ہے۔
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ کھجوریں zeaxanthin اور لیوٹین کے حصول کا اچھا ذریعہ ہیں، جو کیروٹینز کی ایسی اقسام ہیں جو آنکھوں کے ٹشوز میں ہوتی ہیں اور اینٹی آکسائیڈنٹس خصوصیات سے لیس ہوتی ہیں۔ یہ مرکبات عمر کے ساتھ آنے والے آنکھوں کے پٹھوں کی تنزلی اور موتیا سے تحفظ فراہم کرسکتے ہیں۔
کھجور انسانی جسم میں جاکر انسولین کے افراز کو بڑھاتی ہیں جس سے ذیابیطیس کا خطرہ دور ہوجاتا ہے۔
سفید چینی کے مقابلے میں کھجوروں میں قدرتی مٹھاس زیادہ ہوتی ہے جو منہ میٹھا کرنے کی خواہش بھی پوری کرتی ہے جبکہ یہ صحت کے لیے فائدہ مند پھل بھی ہے۔
باقاعدہ کھجور کھانے سے آپ ذیابیطیس سے بچ سکتے ہیں۔
Comments are closed.