پکے ہوئے کیلوں کے فوائد تو سب کو ہی معلوم ہیں لیکن بہت ہی کم لوگ جانتے ہیں کہ کچے کیلے بھی انتہائی غذائیت سے بھرپور اور صحت کے لیے مفید ہیں؟
کچے کیلے فائبر سے بھرپور معجزاتی غذا ہیں جو شوگر کے مریضوں کے لیے بہترین ثابت ہو سکتے ہیں، یہ بلڈ شوگر کو برقرار رکھنے اور دل کو صحت مند رکھنے میں بھی مددگار ہیں۔
کیلے کے تقریباً تمام حصوں کو مختلف شکلوں اور مختلف حالتوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے، کچا کیلا مختلف وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتا ہے جو صحت مند جسم کے لیے ضروری ہیں۔
کچے کیلوں میں کاربوہائیڈریٹ کم ہوتے ہیں اور دیگر غذائی اجزاء جیسے فائبر، پوٹاشیم اور میگنیشیم زیادہ ہوتے ہیں، کچّے کیلوں کو استعمال کرنے سے پہلے انہیں پکانا لازمی ہوتا ہے۔
خوراک میں کچے کیلے کو شامل کرنے کے فوائد پر ایک نظر:
بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مددگار:
کچّے کیلے میں پوٹاشیئم کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو سوڈیئم کے اثرات کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے، جسم میں سوڈیئم کی زیادہ مقدار ہائی بلڈ پریشر کا سبب ہوتی ہے، پوٹاشیئم سوڈیئم کے اثرات کو کم کر کے بلڈ پریشر کو کنٹرول کرتا ہے۔
ہاضمے کے لیے مفید:
کچے کیلے میں موجود ریشے آنتوں کی حرکت کو بہتر بنانے اور قبض کے امکانات کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، اس کے علاوہ یہ جسم میں غذائی اجزاء کے بہتر جذب کو فروغ دیتا ہے۔
اسہال کے علاج میں معاون:
جب معدہ خراب ہو تو خوراک میں کچّے کیلے کو شامل کرنے سے معدے کا نظام درست ہو جاتا ہے، کچا کیلا انفیکشن کا سبب بننے والے جراثیم سے لڑ کر حالت کو ٹھیک کرنے میں مدد کرتا ہے۔
کچے کیلے سے وزن کم:
کچے کیلے میں موجود نشاستہ زیادہ دیر تک پیٹ بھرے رکھنے میں مدد کرتا ہے، اس طرح یہ کھانے کی خواہش کو کم کرتا ہے جو وزن کم کرنے کے لیے بے حد ضروری ہے۔
جلد کی صحت کو برقرار رکھتا ہے:
کچے کیلے میں وٹامن سی ہوتا ہے جو کولیجن کی پیداوار کو فروغ دے کر جلد کو صحت مند رکھنے میں مددگار ہے، وٹامن سی مدافعتی نظام کو بڑھانے اور جسم میں آزاد ریڈیکلز کے اثرات کو کم کرنے کے لیے بھی مفید ہے۔
Comments are closed.