بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کوشش ہے سینیٹ الیکشن میں لین دین ختم ہو: عبدالحفیظ شیخ

پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹ کے امید وار عبدالحفیظ شیخ کہتے ہیں کہ ہماری کوشش ہے کہ سینیٹ الیکشن شفاف ہو، لین دین ختم ہو، کوئی کسی کو گالی نہ دے۔

سینیٹ انتخابات کے لیئے وفاقی حکومت نے سندھ میں اتحادی جماعتوں کے ساتھ مل کر حکمتِ عملی طے کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کے سلسلے میں پاکستان تحریکِ انصاف کا وفد ایم کیو ایم کے مرکز پہنچ گیا۔

پاکستان تحریکِ انصاف کی اعلیٰ قیادت نے اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے فارمولا طے کر لیا، جسے عملی جامہ پہنانے کیلئے اسد عمر ایم کیو ایم سے مشاورت کرنے پہنچ گئے۔

پی ٹی آئی کے وفد میں عبدالحفیظ شیخ، اسد عمر، فردوس شمیم نقوی شامل تھے جن کا بہادر آباد مرکز پر ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، فیصل سبزواری، امین الحق اور دیگر رہنماؤں نے استقبال کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹ کے امید وار عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں بہت دلچسپی لی جا رہی ہے، اس الیکشن پر لوگوں کی نظریں لگی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان الیکشن ہے، معاشی حالات کو ٹھیک کرنے کے لیے سخت فیصلے کیئے گئے۔

عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ صاحبِ حیثیت لوگوں پر ٹیکسز بڑھائے گئے، اخراجات کم کرنے کے لیے آغاز میں ایوانِ صدر، پرائم منسٹر ہاؤس سمیت اہم شخصیات کے اخراجات کم کیئے گئے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ڈالر نہیں کمائیں گے تو لوگوں کا خیال نہیں رکھ سکتے، ماضی کے قرضوں میں سود کی مد میں وزیرِ اعظم عمران خان نے ساڑھے 6 ہزار ارب روپے ادا کیئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.