بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کوسٹ گارڈز کی کارروائی: 4 اسمگلرز گرفتار، 1100 کلو چرس برآمد

پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ اداروں کے ساتھ ساحلی علاقوں میں کارروائیوں کے دوران منشیات کے 4 اسمگلرز کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔

ترجمان کے مطابق منشیات کے خلاف سخت چیکنگ کے دوران پاکستان کوسٹ گارڈز اور گوادر پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گوادر کے علاقے سٹی ہوڑہ میں بیش قیمت منشیات بیرونِ ملک اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔

پاکستان کوسٹ گارڈز نے کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کر لی جبکہ 4 اسمگلروں کو گرفتار کر لیا۔

پاکستان کوسٹ گارڈز اور گوادر پولیس نے گوادر کے مختلف علاقوں میں جوائنٹ ٹیمیں تشکیل دیں۔

آپریشن کے دوران متعلقہ علاقے سے سمندر کے کنارے لوڈنگ کے دوران 1100 کلو گرام اعلیٰ کوالٹی کی چرس، 1 ہائی لیکس سنگل کیبن، 1 اسپیڈ بوٹ قبضے میں لی گئی ہے جبکہ 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

شبہ ہے کہ یہ منشیات سمندر کے راستے بیرونِ ملک اسمگل ہونا تھی، پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت کروڑوں روپے کے لگ بھگ ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے جوانوں کی اس انتھک محنت اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.