مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیشِ نظر اپنا دورۂ کراچی منسوخ کردیا ہے۔
مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ مریم نواز نے دورۂ کراچی منسوخ کردیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کی زندگیوں کےتحفظ اور کورونا سے بچاؤ کی خاطر یہ فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 249 کے ضمنی الیکشن میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی انتخابی مہم کے سلسلے میں مریم نواز کو آج شام 6 بجے کراچی پہنچنا تھا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کو مفتاح اسماعیل کے گھر سے ریلی کے ہمراہ بلدیہ ٹاؤن اور چاندنی چوک میں جلسے سے خطاب کرنا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی پارٹی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں طے تھیں۔
دوسری جانب امیدوار کی انتخابی مہم چلانے پر پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کو الیکشن کمیشن نے وارننگ دی ہے جبکہ سرکاری املاک پر پارٹی جھنڈے لگانے پر پی ایس پی سربراہ مصطفیٰ کمال کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
Comments are closed.