بھارت میں کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کے سبب امیر بھارتی جان بچانے کے لیے ملک سے فرار ہونے لگے، متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان سفری پابندیاں لگنے سے دو دن قبل پروازوں میں معمول سے زیادہ رش رہا، مسافروں کی تعداد میں اضافہ ہونے پرکرائے10 گنا تک بڑھ گئے، پرائیوٹ جیٹ کی مانگ بھی بڑھ گئی۔
کورونا وبا ء سے بچنے کیلئے بھارتیوں نے بڑی تعداد میں متحدہ عرب امارات کا رخ کیا، مسافروں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے کرایوں میں ہوشربا اضافہ ہوا جبکہ پرائیوٹ طیاروں کی مانگ بھی بڑھ گئی۔
اتوار سےامارات اور بھارت کے درمیان سفری پابندیوں کا آغاز ہوا ہے،جمعے اور ہفتے کے روز ممبئی سے دبئی جانے والی کمرشل پرواز کا ٹکٹ معمول سے 10 گنا زائد 80 ہزار بھارتی روپے تک پہنچا۔
نئی دہلی سے دبئی جانے والی پرواز کا ٹکٹ معمول سے 5 گنا زائد 50 ہزار سے زائد رہا جبکہ بھارتی چارٹر کمپنی کے ترجمان کے مطابق طلب اتنی زیادہ بڑھی کہ بیرون ملک سےاضافی طیارے منگوانے کی درخواست کی گئی۔
Comments are closed.