جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

کورونا وائرس: پیر کو این سی او سی اجلاس میں اہم فیصلے متوقع

ملک بھر میں تیزی سے پھیلتی عالمی وبا کورونا وائرس کے کنٹرول کے لیے پیر کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں اضافے کا فیصلہ متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں امتحانات کے لیے کُھلے اسکولوں کو بند کرنے کی تجویز بھی این سی او سی کے سامنے رکھی جائے گی جبکہ جن اسکولوں میں امتحانات جاری ہیں وہاں کی اکثریت میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں رپورٹ ہورہی ہیں۔

پاکستان میں 24 گھنٹے کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 8 اعشاریہ 7 فیصد رہی، کورونا وائرس سے ایک دن میں مزید 44 افراد جاں بحق ہوگئے۔

این او سی اجلاس میں اسمارٹ لاک ڈاؤن میں اضافے کی تجویز پر غور کیا جائے گا، وفاق اور صوبوں میں کورونا کے پھیلاؤ کے علاقے کو ریڈ زون میں رکھنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق متعلقہ علاقوں میں سخت اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز بھی اجلاس میں زیر غور آئے گی جبکہ اسلام آباد میں دفعہ 188 لگانے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی۔

دفعہ 188 کے تحت کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے دکانداروں کو گرفتار کیا جاسکے گا، تجاویز پر حتمی فیصلہ این سی او سی کے پیر کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) لاہور کی جانب سے لاہور میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 63 دکانیں، اسٹورز اور میرج ہالز سیل کر دیئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار667 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 44 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 2 ہزار 92 مریض شفایاب ہو گئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار843ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 26 ہزار802ہو چکی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.