کوویڈ-19 کی موجودہ صورتحال نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 کے باقی میچز کے لیے پریشانی میں مبتلا کردیا۔
ایک ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ایس ایل کی تمام 6 فرنچائزز نے پی ایس ایل کراچی سے متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کے لیے خط لکھا ہے، جبکہ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ابھی دیکھو اور انتظار کرو کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں، جبکہ فیصلہ این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق کیا جائے گا۔
کوویڈ 19 کی موجودہ صورتحال، ایس او پیز میں سختی اور متوقع لاک ڈاؤن کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز خدشات کا شکار ہونے لگے ہیں۔
پی سی بی نے ان میچز کو یکم جون سے کراچی میں کروانے کا اعلان کیا تھا جس کے لیے قرنطینہ کی مدت 22 مئی سے شروع ہو گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کوویڈ کی موجودہ صورتحال پی سی بی کے لیے پریشان کن ہے۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ این سی او سی کے ساتھ رابطے میں ہیں، پہلے بھی این سی او سی کی مشاورت سے میچز کروانے کا فیصلہ کیا تھا اب بھی انہی کی گائیڈ لائنز پر عمل کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت کو مد نظر رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا، لیکن فی الحال پی ایس ایل میچز کراچی میں کروانے کے لیے کام تیزی سے جاری ہے۔
ساتھ میں انھوں نے یو اے ای میں میچز کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ میچز دبئی شفٹ کیے جا رہے ہیں۔
Comments are closed.