وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی مولانا طاہر محمود اشرفی کا کورونا ویکسین سے متعلق کہنا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانا شرعی طور پر جائز ہے۔
حافظ طاہر محمود اشرفی نے کورونا ویکسین سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا ویکسین ہرفرد کو لگوانی چاہیے یہ شرعاً جائز ہے، فتویٰ کے مطابق روزے کی حالت میں بھی کورونا ویکسین لگوائی جاسکتی ہے، شریعت اسلامیہ نے خود کو تکلیف سے بچنے اور دوسروں کو بچانے کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تمام علماء کا اس بات پر اتفاق ہے کہ ہر شخص کورونا ویکسین لگوائے، کورونا کی احتیاطی تدابیر پر ہر صورت عمل ہونا چاہیے۔
مولاناطاہر اشرفی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات کو دنیا تسلیم کرتی ہے، پاکستان میں مساجد تب بند نہیں ہوئیں جب ساری دنیا میں بند ہوئیں، مساجد بند کرنے کی کوئی تجویز نہیں۔
طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مخیر حضرات سے اپیل ہے کورونا ویکسین خرید کر مستحق افراد کو سہولت فراہم کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت نے کہا ہے کہ حجاج ویکسین لگوا کر آئیں، پاکستان حجاج اور زائرین کو ہر قسم کی سہولت دے گا۔
حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سمیت تمام کورونا متاثرین کو اللّٰہ تعالیٰ شفایاب فرمائے۔
Comments are closed.