بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کوئٹہ دھماکا خود کش تھا، چینی سفیر محفوظ ہیں: شیخ رشید

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں ہوٹل کی پارکنگ میں ہوا حملہ خود کش تھا، چینی سفیر کئی دنوں سے وہاں ہیں اور محفوظ ہیں۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ چینی سفیر کئی دنوں سے کوئٹہ میں ہیں، آج بھی وہی ہیں اور آج انہوں نے اسٹاف کالج سے خطاب کیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرینا ہوٹل کے اندر دھماکے کی اطلاع ملی ہے، جس میں جانی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے دھماکے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ خود کش دھماکے کے لیے 60 کلو گرام سے زائد مواد استعمال کیا گیا، خود کش حملہ آور گاڑی میں بیٹھا رہا۔

شیخ رشید نے بتایا کہ چیف سیکریٹری سے دھماکے کی فوری تحقیقات کا کہا ہے، کل کے دھماکے میں 5 افراد شہید ہوئے، جبکہ زخمی ہونے والے 6 افراد اسپتال میں ہیں، جن میں سے 1 کی حالت نازک ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزارتِ داخلہ کو ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی جائے، خیال تھا کہ ایف سی کو کوئٹہ سے نکالیں، لیکن اب ایسا نہیں ہے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ ایف سی کو کوئٹہ سے نہیں نکالیں گے، پاکستان کو اندر سے غیر مستحکم کرنے کی غیر ملکی کوششیں جاری ہیں۔

شیخ رشید احمد کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارتِ داخلہ کے تحت 22 اداروں کو ہائی الرٹ کا کہہ دیا ہے، واقعے میں دھماکا خیز مواد سی فور استعمال ہوا۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات کوئٹہ کے ہوٹل کی پارکنگ میں ہوئے خودکش دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 10زخمی ہوگئے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.