جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

کمیونٹی کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے، پاکستانی سفیر برائے یورپین یونین

بیلجیم اور لکسمبرگ میں پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ سفیر پاکستان کی دوسری ماہانہ ورچوئل کھلی کچہری منعقد ہوئی۔ جس میں بیلجیئم، لکسمبرگ اور یورپین یونین میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ دوسری ملاقات کی اور قونصلر خدمات اور پاکستانی کمیونٹی کی عمومی بہبود سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی سے قریبی رابطہ رکھنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی مناسبت سے یہ تقریب بیلجیئم میں پاکستانی سفارتخانے کے ذریعہ منعقد کی گئی تھی۔ اس تقریب میں، اہل علم و دانشور، کاروبار، سماجی خدمات اور میڈیا سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ممبران شریک ہوئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شرکا کو موثر قونصلر خدمات فراہم کرنے کے لئے مشن کی جاری کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ جبکہ گزشتہ کچہری میں دی گئی تمام تجاویز پر بروقت عملدرآمد کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔

پاکستان کو ریکارڈ ترسیلات زر منتقلی پر کمیونٹی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنے فنڈز پاکستان منتقل کرنے کے لئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سفارتخانہ 6 مارچ 2021 کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ کے اشتراک سے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس کے بارے میں ایک آن لائن سیشن کا انعقاد کرے گا۔ انہوں نے کمیونٹی ممبران کو اس تقریب میں شرکت کے لئے مدعو بھی کیا۔

سفیر پاکستان نے شرکاء کو جانشینی سرٹیفکیٹ کے طریقہ اجراء کو سہل بنانے کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ اور کہا کہ قانونی ورثا اب نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ذریعہ آسان مرحلہ وار عمل کے بعد جانشینی سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

کمیونٹی ممبران نے سفارتخانے کی کوششوں کو سراہا اور خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لئے مفید مشورے بھی دیئے۔ اس کھلی کچہری میں کونسلر ناصر چوہدری نے پاکستان سے بننے والے ڈرائیونگ لائسنس کی بیلجیئم میں تجدید نہ ہو سکنے کا معاملہ اٹھایا۔ جسے سفیر پاکستان کی جانب سے نوٹ کر لیا گیا۔

سفیر پاکستان نے لکسمبرگ میں مقیم پاکستانیوں کو مطلع کیا کہ دہری شہریت کے حوالے سے ان کا کیس وزرات خارجہ کے توسط سے پاکستانی وزارت داخلہ تک پہنچا دیا گیا ہے۔ جس پر مثبت جواب کی توقع ہے۔

تجمل فاروق چیمہ نے شناختی دستاویزات کی تیاری کیلئے گمشدگی رپورٹ کی مشکل کے خاتمے پر سفیر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ کھلی کچہری میں میزبانی کے فرائض قونصلر راحیل طارق نے انجام دیئے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.