منگل 25؍ جمادی الاول 1444 ھ 20؍ دسمبر 2022ء

کفایت شعاری مہم:بازار اور ہوٹل 8، شادی ہال 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے توانائی بحران کے پیش نظر بچت کے لیے کفایت شعاری مہم کا اعلان کیا ہے۔ اس سلسلے میں جاری اقدامات میں کہا گیا ہے کہ بازار اور ریستوران 8 بجے جب کہ شادی ہال رات 10 بجے بند کردیے جائیں گے۔ حکومت نے کفایت شعاری مہم کے تحت مزید کئی اقدامات کا بھی اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے کفایت شعاری مہم کے لیے باقاعدہ کمیٹی تشکیل دی ہے، جس میں سیکرٹری پاور کے علاوہ وزیر دفاع سمیت 10 وزرا شامل ہیں۔ اس موقع پر قمر زمان کائرہ اور مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کفایت شعاری مہم کے تحت سرکاری اداروں میں 20 فیصد افرادی قوت گھر سے کام کرے تو 56 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ شادی ہالوں کے اوقات رات 10 بجے تک ہوں گے جب کہ ریستوران اور مارکیٹیں رات 8 بجے بند کر دی جائیں گی۔ ان اقدامات سے 62 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پرانے پنکھے 120 سے 130 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں جب کہ  نئے پنکھے تقریباً 40 سے 60 واٹ بجلی استعمال کرتے ہیں۔ان پنکھوں کے استعمال سے 15 ارب روپے کی بچت ہو سکتی ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایل ای ڈی بلب کے استعمال سے 23 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ گھروں میں پنکھے اور ائرکنڈیشنڈ کے استعمال میں بچت سے 8 سے 9 ہزار میگاواٹ بجلی بچائی جا سکتی ہے۔ کپیسٹی پیمنٹس کی مد میں 28 ارب ماہانہ بچت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ گیس فراہم کرنے والی کمپنیاں گیزرکے لیے بچت کے آلات فراہم کریں گی، جس سے 92 ارب روپے سالانہ کی بچت ہوگی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ متبادل اسٹریٹ لائٹس جلانے سے 4 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

وزیر دفاع نے اعلان کیا کہ ملک میں ای بائیکس متعارف کروائی جارہی ہیں، محدود مدت کے اندر یہ موٹر سائیکلیں مارکیٹ میں آ جائیں گی۔ ان کی امپورٹ شروع ہو چکی ہے، موٹر سائیکل کمپنیوں کے ساتھ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے۔ ای بائیکس آنے سے 86 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے لیے عوامی آگاہی  مہم بھی چلائی جائے گی۔

You might also like

Comments are closed.