منگل 25؍ جمادی الاول 1444 ھ 20؍ دسمبر 2022ء

پیپلز پارٹی اختیارات نہ دے کر بلدیاتی اداروں پر قبضہ چاہتی ہے ،حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی بلدیاتی اداروں کو بااختیار نہیں بنا رہی تاکہ سارا قبضہ ان کے ہاتھ میں رہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں بلدیاتی نظام سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 11 ماہ سے ہمارا کیس چل رہا ہے۔ پیپلز پارٹی حکومت نے تمام تر اختیارات اپنے ہاتھ میں رکھے ہیں۔ یہ بلدیاتی اداروں کو با اختیار نہیں بنا رہے تا کہ سارا کا سارا قبضہ ان کے ہاتھ میں رہے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا دعوی ہے تو لوگوں کو با اختیار بنا۔ لوگوں کو محروم کرکے، ڈرا دھمکا کر مینڈیٹ حاصل کیا جا رہا ہے۔ ان کی جمہوریت وراثت پر چل رہی ہے۔ اس کا مطلب اس شہر میں بسنے والوں سے آپ کی دشمنی ہے۔ اب تو پورے صوبے کا ایک جیسا حال ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مرضی کے منصوبوں میں گھپلا کیا جارہا ہے۔ پیچ ورکنگ سے سڑکوں کا حال دیکھ لیں۔ پہلے سڑکیں بارش اور سیوریج کے پانی سے ٹوٹتی تھی۔ اب ہوا اور سورج کی تپش سے ٹوٹ جاتی ہیں۔ 80 فیصد کرپشن ہو رہی ہے جو سندھ حکومت کر رہی ہے۔ ہم دھرنے اور احتجاج کرتے ہیں اور عدالتوں کا رخ بھی کرتے ہیں۔

حافظ نعیم کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم دوبارہ پیپلز پارٹی کو پیاری ہو گئی ہے۔ ایم کیو ایم کراچی کو وڈیروں کے ہاتھوں بیچ دیا گیا ہے۔ آرمی کو چاہیے تمام اداروں پر نظر رکھے۔ مردہ گھوڑوں میں دوبارہ جان نہ ڈالی جائے۔ اپنی گاڑیوں اور گھروں کی خاطر لوگوں کو بیچ ڈالا۔ انتخابات کو وقت پر ہونا چاہیے اور بااختیار حکومت بننا چاہیے۔ یہ شہر مزید تاخیر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا حق ہے کہ جب ہم ٹیکس دیتے ہیں تو ہمارے مسائل حل ہونے چاہییں، مگر بدقسمتی سے کراچی کے حق میں کوئی نہیں ساری جماعتیں ملی ہوئی ہیں۔ کوئی ایک پراجیکٹ وفاق نے نہیں دیا۔ کراچی کو اگر ترقی دینی ہے تو جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ عوام کا رد عمل پیپلز پارٹی اور ان کے حمایتیوں کیخلاف بہت زبردست آنے والا ہے۔ کراچی کے لوگ پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں دیں گے۔

You might also like

Comments are closed.