کشمیر یکجہتی کونسل جاپان کے نوجوان رہنما اور جاپان کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت صحیم عباسی 42 برس کی عمر میں اچانک انتقال کرگئے۔
تفصیلات کے مطابق جاپان میں مقیم سینئر پاکستانی اور معروف سماجی و سیاسی شخصیت اور کشمیر یکجہتی کونسل کے رہنما صحیم عباسی آج 10 رمضان المبارک کو اچانک وفات پاگئے۔
انھوں نے دو روز قبل گلے اور پیٹ میں تکلیف کی شکایت کی تھی، کچھ اسپتال میں ٹیسٹ بھی کرائے تھے۔ لیکن رپورٹ آنے سے قبل ہی آج صبح فجر کے وقت ان کا انتقال ہوگیا۔
وہ جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کی ہر دلعزیز شخصیت اور کشمیر کے مسئلے پر ایک طاقت ور آواز کی حیثیت رکھتے تھے، ہمیشہ ہی بھارتی سفارتخانے کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں سب آگے نظر آتے۔ چند ماہ قبل آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود سے ملاقات کرکے آئے تھے۔
جاپان میں پاکستانی کمیونٹی کی سرکردہ شخصیات کا کہنا ہے کہ صحیم عباسی کی وفات ایک بڑا نقصان ہے ان کا خلاہ کبھی پر نہ ہوسکے گا۔
ان کی نماز جنازہ اویاما مسجد میں بعد نماز مغرب ادا کی گئی۔ جس میں سیکڑوں کی تعداد میں پاکستانیوں نے شرکت کی، ان کی میت اگلے چند دنوں میں پاکستان میں ان کے آبائی علاقے مری روانہ کی جائے گی۔
Comments are closed.