سابق وزیر اعظم اور سینٹ کے قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیر کا الیکشن شفاف ہوا تو پیپلز پارٹی کلین سوئپ کرے گی.
یوسف رضا گیلانی کی جانب سے تمام اُمتِ مسلمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
ملتان میں سابق وزیراعظم اور سینٹ کے قائد حزب اختلاف سید یوسف رضا گیلانی نے درگاہ حضرت موسی پاک پر نماز عید ادا کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر بھارت مظالم ڈھا رہا ہے ، موجودہ حکومت آئیے دن منی بجٹ پیش کر رہی ہے۔
اُنہوں نے موجودہ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے ، پیٹرول اور دیگر اشیاء کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں ، حکومت چلانا ان کے بس کی بات نہیں ہے۔
انہوں نے افغان سفیر کی بیٹی کے معاملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کی گمشدگی بری خبر ہے ، تفتیش جاری ہے امید ہے تمام حقائق سامنے آئیں گے۔
انہوںنے کہا کہ کابل کے حالات ٹھیک ہوں گے تو اسلام آباد کے حالات ٹھیک ہوں گے ، پاکستان اور افغانستان جڑواں بھائی ہیں ، ہم چاہتے ہیں افغانستان میں امن ہو ، ہم افغانستان میں جنگ کے روادار نہیں ہیں۔
Comments are closed.