جمعہ 14؍شوال المکرم 1444ھ5؍مئی 2023ء

کشمیر میں غیرقانونی اقدامات کی واپسی تک بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، وزیرخارجہ

کراچی: وزیر خارجہ بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر میں غیرقانونی اقدامات کی واپسی تک بھارت سے مذاکرات نہیں ہو سکتے، بھارتی زمین پررکن ممالک کے سامنے کشمیر کاز پیش کیا،بھارت دنیا بھر کے مسلمانوں کو دہشت گرد ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے بعدوطن واپس آنے پر کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ  کشمیر پر بھارت اپنا یکطرفہ فیصلہ واپس نہیں لیتا تو کسی بھی قسم کی بات نہیں ہوگی، بھارتی میڈیا پاکستان کے خلاف پروپیگنڈہ کرکے ہر پاکستانی کو دہشت گرد دکھاتا ہے، بھارت کی تنقید کے پیچھے ان کا اپنا عدم تحفظ کا احساس ہے۔

بلاول نے کہا کہ بھارت کو سی پیک سے تکلیف ہے،رکن ممالک نے سی پیک پروجیکٹ کی تعریف کی ہے،سینٹرل ایشیا کے ممالک سی پیک کا حصہ بننا چاہتے ہیں،  بھارت میں بیٹھ کر کشمیر کی وکالت کی ہے،   کشمیر کے اصولی موقف پر کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے، گوا کے اجلاس میں بی جے پی اور آر ایس ایس کے جھوٹے الزامات کا جواب دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم تاریخ کے ہاتھوں یرغمال نہیں بنے رہیں گے۔ جو ہم سے پہلی نسلیں حاصل نہیں کر سکیں، وہ ہم حاصل کریں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھاکہ بھارت میں بلائنڈ کرکٹ میچ ہورہا تھا، اس میں پاکستانی ٹیم کوجانا تھا مگر ویزہ نہیں مل سکا، بھارت کیوں پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم سے ڈرتا ہے؟ کھیل کو سیاست اور خارجہ پالیسی سے الگ رکھنا چاہیے۔

You might also like

Comments are closed.