
قومی اسمبلی کے سابق رکن ندیم افضل چن نے گزشتہ روز شہباز گل پر سیاہی پھینکنے کے معاملے پر کہا کہ کسی پر سیاہی پھینکنا سیاست نہیں غلاظت ہے۔
سابق معاون خصوصی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ ’کسی کے اوپر سیاہی پھینکنا ، جوتا مارنا، تھپڑ مارنا ، گالی دینا یہ سیاست نہیں غلاظت ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ تمام قیادت کو چاہیے کہ اس کی مذمت کرے، باری کسی کی بھی آ سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل پر لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں دو انڈے اور سیاہی پھینکی گئی، شہباز گل کے ماتھے اور ہاتھ پر سیاہی لگی۔
شہباز گل نے کہا کہ اپنے کالے کرتوتوں کی سیاہی پھینکی ہے، یہ غنڈہ گردی ہے، ہم ایک تھپڑ کےجواب میں دس تھپڑ نہیں ماریں گے۔
دوسری جانب رکن پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ نون کی رہنما حنا پرویز بٹ نے لاہور ہائیکورٹ کے احاطے میں عمران خان کے معاونِ خصوصی شہباز گل کو انڈے مارے جانے پر کہا کہ اندازہ نہیں تھا کہ اتنی جلدی بدلہ لے لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے شہباز گل پر سیاہی اور انڈے پھینکنے کے واقعے پر کہا کہ شہباز گل پر سیاہی پھینکنے کا واقعہ مذمت سے آگے کا ہے۔
وفاقی وزیرِ صنعت و پیداوار حماد اظہر کا کہنا ہے کہ شہباز گل پر حملے کی مکمل منصوبہ بندی کی گئی تھی۔
مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی جانب سے پھینکی گئی سیاہی سے شہباز گل کی بائیں آنکھ متاثر ہوئی۔
معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کا لاہور کے میو اسپتال میں چیک اپ کیا گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سیاہی میں موجود کیمیکل نے شہباز گل کی آنکھ میں انفیکشن کردیا۔
ڈاکٹرز نے شہباز گل کی بائیں آنکھ پر ٹریٹمنٹ کے بعد پٹی لگادی۔
Comments are closed.