بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کسی بھی فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں، آرمی چیف

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک کی حفاظت مضبوط ہاتھوں میں ہے،  کسی بھی فیک نیوز اور پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کے 146ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ  کی تقریب سے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ کسی ملک یا گروپ کو پاکستان کو سیاسی یا معاشی غیر مستحکم کرنے نہیں دیا جائے گا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، اس عظیم ادارے سے پاس آؤٹ ہونا اعزاز کی بات ہے، آج 146 ویں لانگ کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کا معائنہ کرنا باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کو فخر ہونا چاہیے کہ عظیم اور بہادر فوج کا حصہ بننے والے ہیں، فوج نے پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کے لیے بہت بڑی قربانیاں دیں، 42 سال پہلے میں نے بھی اسی ادارے سے ٹریننگ حاصل کی تھی، تب میں نے نہیں سوچا تھا کہ اس عظیم فوج کی کمانڈ کروں گا۔

آرمی چیف کا کہنا ہے کہ آپ کو مستقبل میں بڑے اور مشکل فیصلے لینا ہوں گے، ملک کی حفاظت، عزت اور بہتری کے لیے کام کرنا ہو گا، پاکستان ایک پرامن ملک ہے، ہمسائیوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طور پر حل کرنے کے خواہاں ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول کے 146ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔

پاس آؤٹ ہونے والوں میں 24ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کے کیڈٹس اور 65ویں انٹیگریٹڈ کورس کے کیڈٹس بھی شامل ہوئے۔

تقریب میں 20ویں لیڈی کورس اور پانچویں بیسک ملٹری ٹریننگ کورس کے کیڈٹس بھی شامل ہوئے۔

اس کے علاوہ 4 خواتین سمیت 20 انٹرنیشنل کیڈٹس بھی پاس آؤٹ ہونے والوں میں شامل تھے۔

بہترین کارکردگی پر 146 ویں پی ایم اے لانگ کورس کے کیڈٹ کو اعزازی شمشیر دی گئی جبکہ طلائی تمغہ لانگ کورس کے دوسرے نمبر پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کیڈٹ کو دیا گیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اوورسیز گولڈ میڈل دوست ملکوں کے بہترین کیڈٹ کو دیا گیا۔

اعلیٰ سول و فوجی حکام سمیت غیر ملکی سفارتکاروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.