وفاقی وزیر خوراک فخر امام نے ملک میں گندم کی فی من قیمت میں 400 روپے اضافے کا اعلان کردیا۔
اسلام آباد پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فخر امام نے کہا کہ آج گندم خریداری کے حوالے سےتفصیلی اجلاس ہوا تاکہ ٹارگٹ پورا کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے سال 36 لاکھ ٹن گندم درآمد کی، ہم منظم طور پر سب کچھ دیکھ رہے ہیں، اس بار گندم کی قلت نہیں ہوگی۔
فخر امام نے مزید کہا کہ تین لاکھ ٹن گندم ہم نے ریزرو بھی کرلی ہے، 16 مہینے پہلے گندم کا 27 ملین ٹن کا ٹارگٹ رکھا تھا۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے وہ فیصلے اب کرلیے جو پچھلی بار نہیں کر پائے تھے، کاشت کاروں کے لیے ہم نے جائز قیمت دی کیونکہ یہ محنت کش لوگ ہوتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ 29 ملین ٹن گندم کا تخمینہ ہم پورا کریں گے، پنجاب میں گندم کی 19اعشاریہ8 ملین ٹن پیداوار ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ 40 کلو گندم کی کم از کم قیمت 1800 روپے ہو، گندم کی درآمد کے حوالے سے بھی ہم نے تخمینہ بنالیا ہے، اندازہ ہے اگلے 12 مہینوں میں 30 لاکھ ٹن گندم امپورٹ کریں گے۔
علیم خان نے اس دوران کہا کہ گندم کی قیمت 1400 سے 1800 سو روپے کی جارہی ہے، کسان کی خوشحالی کے لیے آج وزیراعظم عمران خان نے بہت بڑا قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال کےاندر کبھی 400 روپے سے زیادہ گندم کی قیمت نہیں بڑھی، گندم کی خریداری ہونے کے باوجود آٹے کی قیمت نہیں بڑھنے دیں گے۔
Comments are closed.