وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ایک بے سروپا رپورٹ آتی ہے، اور پریس ریلیز پر ہیڈ لائنیں لگ جاتی ہیں، کرپٹ اپوزیشن کی بھی یہ جرأت ہوئی کہ حکومت پر تنقید کر سکیں۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر کئے گئے اپنے پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کہتی ہے کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی میں تنزلی ہوئی ہے، کسی کو نہیں پتا وہ یہ کیوں کہہ رہے ہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ رپورٹ میں مالیاتی کرپشن کا تذکرہ بھی نہیں ہے لیکن پریس ریلیز میں ایسے قصے جوڑے گئے کہ کرپٹ اپوزیشن کی بھی یہ جرأت ہوئی کہ حکومت پر تنقید کر سکیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کے پیسے لندن میں اور سیاست پاکستان میں ہے، اکاؤنٹ چپراسیوں کے نام پر ہیں اور بیٹے انگلستان میں ہیں، اپارٹمنٹس لندن میں اور بیٹی کے نام پر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم منظم مافیا کا سامنا کررہے ہیں، عالمی بینک، پاکستان کی5.37 فیصد سے ترقی کی تصدیق کررہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کورونا سے نمٹنے کی حکومتی پالیسیوں کی تعریف عالمی سطح پر ہورہی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے 180 ممالک کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس جاری کی تھی جس کے مطابق پاکستان میں کرپشن مزید بڑھ گئی ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے مطابق پاکستان کرپشن رینکنگ میں 16 درجے اوپر چلا گیا ہے۔
Comments are closed.