ہفتہ10؍شوال المکرم 1442ھ 22؍ مئی 2021ء

کرپشن کی تحقیقات کرنے والا ادارہ خود کرپٹ ہے، شاہد خاقان

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ  جہاں آئین اور قانون کی بالادستی نہ ہو وہ ملک نہیں چل سکتا، ایوان میں گیس اور بجلی مہنگی ہونے پر بات نہیں ہوسکتی، پی ڈی ایم یہی کہہ رہی ہے اس طرح ملک نہیں چل سکتا۔

کراچی کی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ہر وزیر ایل این جی سے لے کر براڈ شیٹ میں ملوث ہے، کرپشن کی تحقیقات کرنے والا ادارہ خود کرپٹ ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ کمیشن کا مقصد صرف براڈ شیٹ کی حقیقت کو چھپانا ہے، آج نہیں تو کل یہ لوگ ایکسپوز ہوں گے، کل آپ کے سامنے اسمبلی کی حقیقت بھی آگئی، اسپیکر چوروں کی طرح فلور چھوڑ کر چلا جائے ایسے پارلیمان کی کیا اہمیت ہوگی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ترمیم کی بات کر رہے ہیں اور غیر ملکیوں کو الیکشن لڑنےکی اجازت دی جا رہی ہے، بتائیں کس ملک میں غیر ملکیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہے۔

شاہد خاقان نے کہا کہ سینیٹ میں شو آف ہینڈ کی بات کر رہے ہیں، صوبائی اور قومی اسمبلی کے الیکشن شو آف ہینڈ سے ہونے دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ایک تہائی کابینہ غیر ملکی شہریوں پر مشتمل ہے،عمران خان پر دباؤ ہے تو نوکری چھوڑ دیں۔

شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں کہ یہاں بھی کورونا وائرس کی خلاف ورزی پر حکومت ختم کی جائے۔

واضح رہے کہ شاہد خاقان کیخلاف سابق ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تعیناتی سے متعلق ریفرنس کی سماعت کراچی میں ہوئی، نیب کی جانب سے ملزمان پرسابق ایم ڈی پی ایس او کی غیر قانونی تعیناتی کا الزام ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.