جمعرات 8؍ شوال المکرم 1442ھ20؍مئی 2021ء

کراچی:PECHS میں غیر قانونی تعمیرات، سندھ حکومت کو نوٹس جاری

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی کے علاقے پی ای سی ایچ ایس میں فٹ پاتھوں پر غیر قانونی تعمیرات روکنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت، کے ایم سی اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔

پی ای سی ایچ ایس میں فٹ پاتھوں پر قبضے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی ۔

درخواست گزار کے وکیل نے دوران سماعت بتایا کہ پی ای سی ایچ ایس میں گھر کے سامنے سے فٹ پاتھ توڑ کر قبضہ کرلیا گیا ہے، علاقے میں گراؤنڈ پلس ون تعمیرات کی اجازت ہے، پرائیویٹ پارٹی نے گراؤنڈ پلس ٹو تعمیر کرلیا اور مزید تعمیرات بھی جاری ہیں۔

سندھ ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ اگر فٹ پاتھ پر کوئی قبضہ کرکے بیٹھ جاتا ہے تو ختم کون کرائے گا؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ فٹ پاتھوں کی دیکھ بھال کے ایم سی کی ذمہ داری ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ بدقسمتی سے کوئی ادارہ اپنی ذمہ داری لینے کو تیار ہی نہیں۔

ہائیکورٹ نے پرائیویٹ پارٹی اور فریقین سے چار ہفتوں میں جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.